گوادر پورٹ اتھارٹی پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، تمام 8 دہشت گرد ہلاک


گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کمپلیکس پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم جوابی کارروائی میں تمام 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق آج گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی، حملے کو ناکام بنانے کے لیے فورسز نے جوابی کارروائی کی، بھاری نفری طلب کرلی، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے سبب دہشت گردوں کا سیکیورٹی کمپلیکس میں گھسنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور جوابی فائرنگ میں تمام آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا، دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جائے وقوعہ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا۔

صدر مملکت کا اظہار مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے کی پُر زور مُذمت کی ہے۔

انہوں نے گوادر میں فورسز کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ بہادر فورسز نے جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا، دہشت گرد عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں